کراچی (نمائندہ خصوصی) لاہور قلندر ز نے پشاور زلمی کو29رنز سے شکست دیدی۔
پشاور زلمی کی ٹیم 200 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بناسکی۔پشاور زلمی کو ہدف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور میں بڑا جھٹکا لگا اور اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی بغیر کوئی رنز بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کامران اکمل اور حسین طلعت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کامران اکمل 41 اور حسین طلعت15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کی جانب سے کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔شعیب ملک سات،ردرفورڈ 21، بین کٹنگ 10،حیدر علی 49، وہاب ریاض صفر،ارش علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان نے تین،شاہین شاہ آفریدی،ڈیوڈ ویزے نے دو ،دو جبکہ راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی،حیدر علی رن آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے200 رنز کا ہدف دیا تھا۔لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا,دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب بڑی شاٹس کھیلیں اور بڑا ہدف سیٹ کرنے کے لیے بہترین بنیاد فراہم کی۔ عبداللہ شفیق 31 گیندوں پر 41 رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔اس دوران فخر زمان نے اپنی شاندار ففٹی مکمل کی ،رواں سیزن میں انکی یہ تیسری نصف سنچری ہے۔ فخر زمان 38 گیندوں پر 66 رنز بناکر حسین طلعت کی گیند پر آؤٹ ہوئے،انکی جارحانہ اننگز میں چھ چوکے اور تین چوکے شامل تھے۔دونوں اوپننگ بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کامران غلام اور محمد حفیظ نے سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔ تاہم سلمان ارشاد نے ایک ہی اوور میں کامران غلام اور ڈیوڈ ویزے کو آؤٹ کرکے تیزی سے بڑھتے ہوئے رن ریٹ کو روکا۔ کامران غلام 23 گیندوں پر 30 جبکہ ڈیوڈ ویزے صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔محمد حفیظ19 گیندوں پر 37جبکہ راشد خان آٹھ گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 میچز کھیلے گئے ہیں جس میں پشاور زلمی نے آٹھ جبکہ لاہور قلندرز نے پانچ میچز میں فتح سمیٹی ۔تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے آخری پانچ میچز میں چار لاہور قلندرز کے نام رہے جبکہ پشاور زلمی صرف ایک میچ جیت سکی۔آج جو بھی ٹیم جیتے گی اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلے گی۔ملتان سلطانز اس وقت آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔