• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تمام انتظامات شاندار انداز میں مکمل کئے جائیں۔

Feb 4, 2022

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے تمام انتظامات شاندار انداز میں مکمل کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کردار ادا کریں۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور عبادت نثار، پاک فوج کے افسران، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر فاروق قمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، اسسٹنٹ کمشنر، انچارج ٹی ڈی سی پی مصباح اسحاق، ہوبارہ فاؤنڈیشن سے میجر (ر) طاہر مجید، چیمبر آف کامرس سے احمد عبد الجبار، امتیاز لاشاری، عامر محمود سپورٹس آفیسر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی اس خطہ کا اہم ایونٹ ہے۔ اس کے تمام انتظامات بہتر انداز میں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے شاندار انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دلوش اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بروقت قائم کر کے فنکشنل کیا جائے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افراد موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزرٹ ریلی کے ایام میں سرکاری دفاتر کی عمارتوں پر چراغاں کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر میڈیکل کیمپ اور ریسکیو 1122کے کیمپس قائم کئے جائیں۔ نیز کورونا ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے سٹاف بھی تعینات کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 8فروری کو ڈی ایچ اے میں افتتاحی تقریب منعقد ہو گی۔ 9فروری کو دلوش اسٹیڈیم کے مقام پر چیمبر آف کامرس، اسلامیہ یونیورسٹی، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ٹریڈ فیئر قائم کیا جائے گا جہاں دستکاری، پینٹنگ اور چولستانی مصنوعات کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ 9فروری کو گاڑیوں کی انسپکشن ہو گی، موٹر بائیک ریس ہو گی اور اسی روز آرٹس کونسل میں محفل مشاعرہ ہو گا۔ 10فروری کو کوالیفائنگ راؤنڈ ہو گا اور اسی روز ڈانسنگ ہارس، کیمل ڈانس، بھیڑ بکریوں کا ڈانس ہو گا۔ بعد ازاں ریسلنگ کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ 11فروری کو نیزہ بازی کا مقابلہ منعقد ہو گا اور میراتھن ریس ہو گی۔ اسی طرح والی بال اور کبڈی کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ 11فروری کو دلوش اسٹیڈیم میں خواتین اور مرد حضرات کے مابین علیحدہ علیحدہ پریپیئرڈ کیٹگری کی ریس کا پہلا راؤنڈ ہو گا۔ 12فروری کو سٹاک کیٹگری میں خواتین اور مرد حضرات کی علیحدہ علیحدہ ریس ہو گی۔ 13فروری کو دلوش اسٹیڈیم میں مین پریپیئرڈ کیٹگری اور ویمن کی پریپیئرڈ کیٹگری کی ریس کا دوسرا راؤنڈ ہو گا۔ اس روز پیراگلائیڈ شو پیش کیا جائے گا اور چولستان کے صحرا میں اور بہاول پور میں کلچرل شو پیش کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور عبادت نثار نے اجلاس کو بتایا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔نیز ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔