• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین دبئی محل روڈ بہاول پور میں شعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

Feb 4, 2022

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین دبئی محل روڈ بہاول پور میں شعبہ جغرافیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں پرنسپل کالج فرزانہ محی الدین، اساتذہ کرام، سٹاف ممبران اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض طالبہ رئیسہ خلیل نے ادا کئے۔ پروگرام کے آغاز میں تلاوت کلام پاک کی سعادت بی ایس کی طالبہ رقیہ حنیف نے حاصل کی جبکہ طالبہ زاہدہ پروین نے حضور سرور کونینؐ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ یکجہتی کشمیر اور استحصال کشمیر کے حوالہ سے اردو تقاریر میں شعبہ اردو کی سی ٹی آئی مس حفصہ خان، طالبات فضیلہ اجمل، سویرا فاروق اور حمیرا لطیف نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالم انسانیت کا ایک بڑا، اہم اور نازک مسئلہ ہے جس کے لئے سالہا سال کی جدوجہد کے باوجود اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں کشمیریوں کو حق خود ارادیت اور انصاف نہیں دلا سکیں۔دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے انعم جابر اور عروج نے انگلش تقاریر جبکہ طالبات سائرہ، عائشہ اور عناب بخاری نے کشمیر کے موضوع پر ملی نغمے پیش کئے۔اس موقع پر شعبہ جغرافیہ کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے روح فرسا مناظر دکھا کر حقیقت کی تصویر کشی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر سربراہ ادارہ پروفیسر فرزانہ محی الدین نے خطاب کیا۔انہوں نے شاندار اور پروقار تقریب کے انعقاد پر شعبہ جغرافیہ کے اساتذہ کرام اور کالج طالبات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر درحقیقت مسلمانوں کی روح کا دکھ ہے اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا یہ تکلیف ہمارے لئے جاں گسل رہے گی۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔