• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل 7کا دوسرا مرحلہ آج سیشروع ہوگا

Feb 11, 2022

لاہور (غلام مصطفے عزیز)9فروری۔پاکستان سپر لیگ کے 7 ویں ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ( آج)جمعرات سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق 27جنوری سے شروع ہونے والی لیگ کا پہلا مرحلہ 7فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا۔اس دوران مجموعی طور پر کھیلے گئے 15سنسنی خیز میچز میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی بالادستی قائم رہی۔محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم ملتان سلطانز اب تک ٹورنامنٹ میں اپنے تمام پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے والی واحد ٹیم ہے،پہلے مرحلے میں اپنے تمام پانچوں میچز میں شکست کے باعث بابراعظم کی زیرقیادت کراچی کنگز کے لیے ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے، 2016اور 2018کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان کی قیادت میں چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے، پانچ میں سے تین میچز جیتنے والی لاہور قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد بھی چھ ہے تاہم وہ رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے،اب تک دو دو میچز جیتنے والی سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور وہاب ریاض کی پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ وہ لاہور قلندرز کے خلاف سنسنی خیز میچ میں شکست کے باوجود کراچی میں کھیلے گئے پہلے مرحلے کے اختتام پر اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی کنگز کے لیے کراچی میں کھیلا گیا ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کا پہلا مرحلہ بہت مشکل رہا تاہم انہیں یقین ہے کہ یہ ٹیم ایونٹ میں شاندار کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔بابراعظم نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ کراچی کنگز کی ٹیم اتوار کو پشاور زلمی سے شیڈول میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کا ہدف اب صرف دوسرے مرحلے کے تمام میچز جیتنا ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7میں شاندار کرکٹ کا مظاہرہ کیا ہے، بحیثیت کپتان انہیں خوشی ہے کہ فخر زمان ایک بہترین فارم میں ہیں وہ تسلسل سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اپنے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف میں شامل اسکواڈ کے ہر رکن پر فخر ہے، خوشی ہے کہ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ کراچی میں کھیلے گئے لیگ کے پہلے مرحلے میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی تاہم تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی میں پشاور زلمی کی ٹیم لاہور میں شیڈول لیگ کے دوسرے مرحلے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ جیسن رائے کی شاندار سنچری سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہمیشہ لاہور میں بھرپوراسپورٹ ملی ہے۔