• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

قومی اسمبلی کے اجلاس کا ا یجنڈہ جاری ، تحریک عدم اعتماد شامل

Mar 25, 2022

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی قرارداد 152 ارکان کی جانب سے پیش کی جائے گی۔تحریک کے محرکین میں 147 ارکان شامل ہیں، وزیراعظم کے خلاف آرٹیکل 95 اے کے تحت تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی، اپوزیشن کی قرارداد میں کہا گیا ہےکہ ایوان کی رائے ہے وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، لہٰذا انہیں عہدے سےہٹا دیا جائے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایم این ایز کے نام ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کی گاڑی میں آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے، ایم این ایز کو شٹل سروس کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا جائے گا۔ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ اراکین پارلیمنٹ مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے پابند ہونگے، قومی اسمبلی سیشن میں مہمانوں کے داخلے پابندی ہو گی، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے ملازمین پر بھی پابندی عائدکردی ہے۔سرکلر کے مطابق ملازمین اپنے دفاتر سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، بلاجواز پارلیمنٹ ہاؤس میں ادھر ادھر پھرتے پائے گئے ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔