ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی خونی بن گیا ، ایبٹ آباد میں شیروان کے علاقے بگدرہ میں پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے بتایا کہ شیروان کے علاقے بگدرہ میں پولنگ سٹیشن کے باہر دو گروپوں میں فائرنگ ہو گئی ، فائرنگ کی زد میں آکر 5 افراد زخمی بھی ہوئے ۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جہاں صوبے کے 18 اضلاع میں پولنگ کا عمل جاری ہے ، صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔
خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع کی 65 تحصیلوں اور 1830 ویلج کونسلز اور نیبر ہوڈ کونسلز میں انتخابات ہو رہے ہیں ، صوبے میں مجموعی طور پر 80 لاکھ 57 ہزار سے زائد ووٹرز حق راہ دہی استعمال کرینگے، 6 ہزار 176 پولنگ اسٹیشنز قائم، 28 ہزار 20 امیدوار مدمقابل ہیں۔
خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ بھی خونی بن گیا، پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
