• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

روس کا یوکرین پر حملہ افسوسناک، جنگ بندی ہونی چاہیے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Apr 2, 2022

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ روس کا یوکرین پر حملہ افسوسناک ہے کیونکہ اس میں بہت سے شہری جاں بحق ہو چکے ہیں،پاکستان روس یوکرین جنگ بندی کا مطالبہ کر تا ہے ۔
قومی سلامتی کے موضوع پر سیکیورٹی ڈائیلاگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خطے کی سیکیورٹی اور استحکام ہماری پالیسی کا حصہ ہے،پاکستان خطے کے مسائل شراکت داری کی بنیاد پر حل کرنے پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف 90ہزار جانوں کی قربانی دی۔شہریوں کی خوشحالی اور سلامتی ہماری ترجیح ہے ،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دنیا کودہشتگردی ، غربت اور ماحولیات آلودگی سمیت دیگرچیلنجز کا سامنا ہے ۔آرمی چیف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ افغانستان کو دوبارہ جنگ کا مرکز بننے سے روکا جائے ۔عالمی برادی کے ساتھ ملک افغانستان کی فلاح کے لئے کام کر رہے ہیں۔عالمی برادری کو افغانستان کی مدد کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔
آرمی چیف نے روس یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ روس کا یوکرین پر حملہ کرنا افسوسنا ک ہے کیونکہ جن سے اب تک بہت سے شہری جاں بحق ہو چکے ہیں،پاکستان روس یوکرین جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تنازعات کو ہاتھوں سے نہیں نکلنا چاہیے ،روس کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں،چین کے ساتھ سی پیک انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔پاکستان کیمپ سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے انڈیا کی جانب سے سپر سونک مزائل کا پاکستان میں گرنے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ میزائل گرنے کے باعث کسی کابھی کوئی جانی نقصان ہو سکتا تھا۔بھارت نے پاکستان کو میزائل سے متعلق پہلے آگاہ نہیں کیا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت دنیا اور پاکستان کو بتائے کہ اس کے ہتھیار محفوظ ہیں ۔پاکستان نے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انڈین پائلٹ کو واپس کیا۔