• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ثناء جاوید کی ہتک عزت کی درخواست پر ایف آئی اے نے فیصلہ کرلیا

Apr 10, 2022

کراچی (ویب ڈیسک) فیڈرل انویسٹی گیشن( ایف آئی اے )سائبر کرائم سندھ نے ثنا جاوید کی جانب سے دائر کی گئی سائبر ہتک عزت کیس کی شکایت بند کردی ہے اور کہا ہے کہ مہم چلائے جانے کا ثبوت نہیں ملا۔
اداکارہ ثنا جاوید نے گزشتہ ماہ ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ میں شکایت درج کروائی تھی جس میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ سوشل میڈیا پر پوری منصوبہ بندی کے ساتھ انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر اس کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ ثنا جاوید کی جانب سے درج کی گئی سائبر ہتک عزت کی شکایت کو بند کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی قانونی ٹیم نے فراہم کردہ شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور جو مواد ملا وہ کام کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کے ذاتی تجربات کے اشتراک سے متعلق تھا۔
عمران ریاض نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ تکنیکی ٹیم کو بھی اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف سوشل میڈیا پر منصوبہ بند مہم کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ متعدد ماڈلز، میک اپ آرٹسٹ اور اداکاروں نے سوشل میڈیا پر اداکارہ ثنا جاوید کے ان کے ساتھ برتے جانے والے نامناسب اور ناقابل برداشت روئیےکے بارے میں آواز اٹھائی تھی۔ماڈل منال سلیم نے ثنا جاوید کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ اب مزید کسی اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کریں گی، کیونکہ یہ اداکارائیں ہمیں ’’دو ٹکے کی ماڈلز‘‘ سمجھتی ہیں تاہم ثنا جاوید نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ایک گروہ مل کر انہیں بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منصوبہ بند مہم چلارہا ہے۔
بعد ازاں ثنا جاوید نے اپنے خلاف پیروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئےاپنے شوہر کے ہمراہ ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ہیڈ کوارٹر میں باضابطہ طور پر شکایت درج کروائی تھی جسے اب بند کردیا گیا ہے۔