نئی دہلی(نمائندہ خصوصی)بالی ووڈ معروف اداکار رنویر سنگھ کے عریاں فوٹو شوٹ معمالے پر پولیس کے نوٹس کے جواب میں اداکار نے پیش ہونے کیلئے دو ہفتے کی مہلت مانگ لی۔
این ڈی ٹی وی نیوز کے مطابق ممبئی چیمبور پولیس کی جانب سے اداکار رنویر سنگھ کو عریاں فوٹوشوٹ کیس سے متعلق 22 اگست کے روز پولیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ جس کے جواب میں رنویر سنگھ نے پولیس حکام کے نام ایک خط کے ذریعے موقف اختیار کیا اور کہا کہ ’’وہ 22 اگست کو پولیس کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے ہیں اس لیے انہیں پیشی کیلئے دو ہفتے کی مہلت دی جائے‘‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر کی جانب سے مہلت طلب کیے جانے کے بعد اب پیشی کی نئی تاریخ کے تعین پر انہیں پولیس کے سامنے پیش ہونے کیلئے طلب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکار کے خلاف ممبئی کے چیمبور پولیس اسٹیشن پر ایک مقامی این جی او کی درخواست پر خواتین کے احساسات مجروح کرنے کے الزام میں دفعہ 509، 292، 294 آئی پی سی اور آئی ٹی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
رنویر سنگھ کی عریان تصاویر سامنے آنے کے بعد جہاں سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں ارجن کپور اور عالیہ بھٹ سمیت دیگر کئی شخصیات کی جانب سے ان کی بھرپور حمایت بھی کی گئی تھی۔