کراچی (نمائندہ خصوصی) ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اور عبدالستار ایدھی مرحوم کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے کہا کہ ہم صرف 10 فیصد متاثرین تک پہنچے ہیں ، اب بھی 90 فیصد متاثرین امداد کے منتظر ہیں ،صورتحال ایسی ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے ہاتھ سے بھی چیزیں نکل گئی ہیں ۔
نجی ٹی وی “ہم نیوز ” کے مطابق فیصل ایدھی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انٹرنیشنل این جی او پر لگی پابندی کو ایک سال کے لیے ہٹا لیا جائے، پاکستان میں ہر کوئی سیلاب سے متاثر ہوا ہے ، 3 سے 5 کروڑ افراد بارشوں سے متاثر ہوئے ، سیلابی صورتحال سے تمام ہی لوگ واقف ہیں،دادو میں پھنسے ہوئے لوگ کہتے ہمیں یہیں تک کھانا پہنچادیں، امدادی کارروائیوں میں 2010 کے سیلاب جیسی مدد ملتی نظر نہیں آرہی ،ہم ایمرجنسی ریلیف فنڈ میں بہت کچھ جمع کرارہے ہیں۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیا نایاب ہوگئی ہیں، خیبرپختونخوا میں دریا سے ایک علاقہ متاثر ہوا، لوگ میسج کرکے کھانے کا تقاضہ کررہے ہیں، میرا بیٹا دادو میں ہے اسے میہڑ جانا ہے وہ قاضی آصف گاؤں تک نہیں جاپارہا،حکومت 25 ہزار روپےزیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائے۔