• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ہانگ کانگ کیخلاف فتح، پاکستان نے اپنی 70سالہ کرکٹ کی تاریخ کا اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

Sep 3, 2022

دبئی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، گرین شرٹس نے پہلی بار کسی بھی فارمیٹ میں کسی بھی مخالف ٹیم کو 10 عشاریہ 4 اوورز ( 64 گیندیں) میں آؤٹ کیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔پوری ٹیم صرف 10 عشاریہ 4 اوورز میں 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ہانگ کانگ کے خلاف فتح کے بعد پاکستان نے اپنی 70سالہ کرکٹ کی تاریخ کا اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔کرکٹ کے اعداد و شمار اور ریکارڈز پر نظر رکھنے میں ماہر مظہر ارشد کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم جسے 1952 میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا اسٹیٹس ملا نے اپنی 70 سالہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی فارمیٹ میں کسی بھی مخالف ٹیم کو 10 عشاریہ 4 اوورز ( 64 گیندیں) میں آؤٹ کیا ہے۔

ہانگ کانگ کے خلاف یہ کامیابی پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے بھی سب سے بڑی فتح ہے۔اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرایا تھا۔ مجموعی طور پر کسی بھی ٹیم کی جیت کا یہ نواں بڑا مارجن ہے۔
اس کے علاوہ ہانگ کانگ کا 38 پر آل آؤٹ ہوجانا آئی سی سی کے کسی بھی فل ممبر ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کا کم ترین ٹوٹل ہے۔