• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سیلاب سے مزید 26 افراد جاں بحق ، مجموعی تعداد 1290 ہو گئی

Sep 4, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں سیلاب سے مزید 26 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اس قدرتی آفت سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1290 ہو گئی ۔
نجی ٹی وی “دنیا نیوز” کے مطابق ملکی تاریخ کے بد ترین سیلابوں میں سے ایک سیلاب نے سندھ اور بلوچستان کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے ، صوبہ سندھ میں اب تک 492 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 4 لاکھ 69 ہزار سے زائد مکانات تباہ ہونے کے باعث 56 لاکھ 53 ہزار 981 افراد بے گھر ہو چکے ہیں ۔قدرتی آفت کے باعث 32 لاکھ 77 ہزار ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں برباد ہو گئی ہیں ، مواصلاتی نظام تباہ ہونے سے اشیاء کی ترسیل میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، ٹرین سروس بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے ۔

بلوچستان میں سیلاب کے باعث 260 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جن میں 76 بچے بھی شامل ہیں۔ صوبے کے 18 ہزار 118 مکانات تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 5 لاکھ 15 ہزار سے زائد موئشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں ، دو لاکھ سے زائد ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں برباد ہو چکی ہیں ۔

ادھر این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 26 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن سندھ میں 22 ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے دو دو افراد شامل ہیں ، ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 12 ہزار 588 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ 5 لاکھ 44 ہزار 300 سے زائد گھر تباہ ہوئے ۔

رپورٹ کے مطابق 243 پل اور 177 دکانیں بھی سیلاب کی زد میں آئیں ، 5 ہزار 563 کلو میٹر کی سڑکیں بھی تباہ ہوئیں جبکہ مجموعی طور پر 7 لاکھ 36 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ۔