ہیوسٹن (نمائنہ خصوصی) امریکی انتظامیہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے مزید دو کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان کر دیا ۔
نجی ٹی وی ” جیو نیوز” کے مطابق امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ہیوسٹن میں فنڈ ریزنگ تقریب میں خطا کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد امریکی انتطامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا جس پر جوبائیڈن انتظامیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 20 ملین ڈالرز کی منظوری دیدی ہے ۔
ادھر میئر ہیوسٹن اور رکن کانگریس ایل گرین نے کہا کہ ہم مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، عالمی برادری بھی پاکستان کی مدد کرے ۔
خیال رہے کہ حالیہ مون سون میں بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچا دی ہے جس سے بلوچستان اور سندھ کے بہت بڑے حصے میں جانی اور مالی نقصان ہوا جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں ۔ حکومت نے ملکی صورتحال کو ایمرجنسی قرار دیدیا ہے جبکہ مخیر حضرات سمیت عالمی برادری سے مشکل وقت میں دل کھول کر امداد کرنے کی اپیل کی ہے ۔
خیال رہے کہ اگست کے آخری عشرے میں امریکہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 3 کروڑ ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا تھا۔