لاہور(نمائندہ خصوصی)دورہ آسٹریلیا کے لیے سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سکواڈ میں شامل نہ کیا گیا جبکہ بابر اعظم کی خواہش تھی کے دونوں سینئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں ۔
آسٹریلیا روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم بناتے ہوئے ان کی رائے ضرور لی گئی، البتہ سینئرز کو وہ ٹیم میں رکھنا چاہتے تھے، تاہم سلیکشن کمیٹی نے حتمی فیصلہ کیا۔اطلاعات کے مطابق مصباح الحق بھی محمد حفیظ اور شعیب ملک کو موقع دینا چاہتے تھے تاہم احسان مانی اور وسیم خان نے دونوں کھلاڑیوں کی سلیکشن نہ کرنے کی ہدایت کی تھی ۔
اس سے قبل شعیب ملک اور محمد حفیظ نے وسیم خان سے ملاقات کی، دونوں کھلاڑیوں کو وسیم خان نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے مصباح الحق کو کوئی ہدایت دینے کی بات میں حقیقت نہیں، وہ سلیکشن میں خود مختار ہیں۔ساری صورت حال کے بعد جب ایک سابق کپتان نے دوبارہ مصباح الحق سے استفسار کیا تو چیف سلیکٹر نے دوبارہ پرانا موقف دہرایاکہ وہ کیوں حفیظ اور شعیب کو ٹیم سے الگ رکھنا چاہیں گے۔