لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں پہلے سے ہی سیاست میں ہوں،سیاستدانوں کا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے، میں بھی وہی کام کر رہا ہوں،چاہتا ہوں پاکستانی نوجوان نسل میرے ساتھ ہو۔
لاہور میں ”تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام“ کے موضوع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سڑک پر بچے کی پیدائش ہو رہی ہوتی ہے۔ یہ اکیسویں صدی کا پاکستان ہے جہاں انسان اور جانور اب بھی ایک ہی جگہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسائل کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے، ہمیں متحد ہوکر اس کو مثالی ملک بنانا ہوگا۔ دو کروڑ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں انہیں سکول لانا ہدف ہے۔