لاہور(نمائندہ خصوصی)پری سیزن کیمپ میں پہلے دن قومی کرکٹرز کے یویو ٹیسٹ لیے گئے جس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے تمام کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق پری سیزن کیمپ کا آغاز کیمپ کمانڈنٹ مصباح الحق کے لیکچر کے ساتھ ہوا جس کے بعد فٹنس ٹیسٹ شروع ہوئے۔دو روز تک جاری رہنے والے ٹیسٹس میں کپتان سرفراز احمد سمیت 18 کھلاڑی شریک ہیں۔یویو ٹیسٹ میں ایک بار پھر وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا نام ٹاپ پر آیا ہے، ان کا یویو ٹیسٹ میں لیول 19 سے اوپر بتایا جا رہا ہے۔شان مسعود اور اسد شفیق بھی یویو ٹیسٹ میں نمایاں نمبرز لینے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ کیمپ میں 22 اگست سے کرکٹرز فزیکل فٹنس کی ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔پہلا ہفتہ فٹنس پر فوکس ہو گا، ایک ہفتے کے بعد کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ حسن علی 26، شاداب خان 22 جبکہ اظہر علی 24 اگست کو کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔اوپنر فخر زمان نے بھی کاونٹی کرکٹ کی مصروفیات مکمل ہونے کے بعد کیمپ جوائن کرلیا ہے۔