اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے استعفے اور جلد الیکشن پر ڈیڈلاک ہے لیکن ایسا ڈیڈ لاک نہیں کہ بات چیت ختم ہے، بات چیت جاری ہے،ہماری ٹیم تمام پارٹیز کے سربراہان کے ساتھ رابطے میں ہے،انشا اللہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پرویزالہی صرف بات کررہے ہیں، فیصلہ انہوں نے نہیں کمیٹی نے کرنا ہے۔ان ہاوس تبدیلی کے حوالے سے ایک سوال پر پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن جب چاہے تحریک عدم اعتماد لے آئے، ہم تیار ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو ثبوت دیں، بات آگے چلے گی،بغیر ثبوت کے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کے وزیراعظم استعفی دیں،اس سے تو ایسا رواج بن جائیگا کہ ملک میں جمہوریت نہیں رہے گی، تحریک عدم اعتماد جب چاہیں لائیں،اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان 12 نومبر تک احتجاج جاری رکھیں گے،ہمارا شہباز شریف اور دیگر افراد کے ساتھ رابطہ ہے،پرویز الہی صرف بات کررہے ہیں، فیصلہ انہوں نے نہیں کمیٹی نے کرنا ہے۔
ڈیڈلاک وزیراعظم کے استعفیٰ اور جلد الیکشن پر ہے،بات چیت جاری انشا اللہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا:پرویز خٹک
