کولمبو (نمائندہ خصوصی) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ باﺅلر سورنگا لکمل نے ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آنے سے معذرت کر لی ہے اور بورڈ سے کہہ دیا ہے کہ انہیں سکواڈ میں منتخب نہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کو دو ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے آئندہ ماہ پاکستان آنا ہے جس کیلئے سکواڈ کا اعلان پیر کے روز کیا جائے گا۔ سورنگا لکمل 2009ءمیں پاکستان کا دورہ کرنے والی متاثرہ ٹیم کا حصہ تھے جبکہ وہ حال ہی میں ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے والی سری لنکن ٹیم کا حصہ بھی نہیں تھے۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے مجوزہ سکواڈ میں تمام سینئر کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 11دسمبر سے راولپنڈی اور 19 دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا شیڈول لنکن بورڈ کے حوالے کیا جاچکا ہے، تاہم باضابطہ اعلان چند روز میں ہوگا۔
واضح رہے کہ دورہ سری لنکا سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے مزید دروازے کھلے اور عالمی سطح اس سیریز کو پذیرائی ملی جبکہ دنیا کو یہ واضح پیغام گیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں کھیلوں سے متعلق بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں۔
”معاف کیجئے گا، میں پاکستان نہیں آ سکتا“ سری لنکا کا معروف باؤلر ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے سے انکاری ہو گیا
