اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہاہے کہ مجھے کیوں نکالا کا سفر اب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے،انہوں نے نون لیگی کارکنوں سے ہمدردی کا اظہاربھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن روانگی سے قبل وزیر سائنس فواد چودھری نے ٹویٹ کیا ہے کہ “مجھے کیوں نکالا “سے “خدا کیلئے مجھے نکالو” کا سفر اب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ایسی لیڈر شپ جب ووٹ کیلئے عزت مانگتی ہے تو دراصل جمہوری نظام کا مذاق بنتا ہے۔ مجھے مسلم لیگ ن کے ان ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات بھر کھجل خراب ہوتے رہے۔
فواد چودھری کے ٹویٹ پر لوگوں نے بھی تبصرے کئے، ایک صارف نے لکھا ’’مجھے ان سے کوئی ہمدردی نہیں۔ کیونکہ انھوں نے اپنے ذہنوں پر خود تالا لگا لیا ہے۔ ان کو کوئی نہیں سمجھا سکتا۔ اور یہ خود ہی نہیں سمجھنا چاہتے۔ اور اللہ بھہ اس کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود نہیں چاہتا۔‘‘
عائشہ نامی ایک اور صارف نے فواد چودھری سے سوال کیا کہ’’ آپ یہ فرمائیے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے کے بعد کونسی پارٹی جوائن کرنا پسند کریں گے؟ کوئی جماعت رہ گئی ہے جس میں آپ تھالی کے بینگن کی طرح نہ لڑکتے رہے ہوں؟‘‘
مدثر نے لکھا کہ وہ ڈنکے کی چوٹ پر تسلیم کرتے ہیں کہ نوازشریف ان کے لیڈرہیں۔
زیبی آفریدی نے لکھا کہ’’ انکے ووٹرز تو ہے ہی گدھے ورنہ یہ لوگ اتنا نہ لوٹتے پاکستان کو، باقی اب باتیں چھوڑی چوہدری صاحب کام پہ دیہان دیں عوام کو ریلیف دیں حکومت ہماری ہے ہم انصافین ہے پٹواری اور جیالے نہیں ہم نے ووٹ مانگے ہیں لوگوں سے اور ان لوگوں کو جواب دینا ہے لہذا ہمیں کام چاہیے دو نہیں ایک پاکستان‘‘
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف جاتی امراسے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر موجود ہیں جہاں سے انہوں نے کچھ دیر بعد لندن کیلئے روانہ ہوں گے۔ایئرپورٹ پر سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف ، ڈاکٹر عدنان سمیت اکیس نون لیگی رہنماپہلے سے موجود تھے۔جبکہ نون لیگی کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ائیرپورٹ پر پہنچی اور بھرپور نعرے بازی کی۔نوازشریف کی گاڑی اس وقت حج ٹرمینل کے اندر موجود ہے۔قطر ایئر ویز کی ایئرایمبولینس صبح آٹھ بجے سے ہی ایئرپورٹ پہنچ چکی ہے۔