لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستانی بلے باز آسٹریلین کی وکٹوں پر اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مکی آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا میں بیٹنگ کی کامیابی کا راز دفاعی اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے پر یقین رکھنا ہے لیکن اگر آپ اس کے درمیان اٹک جائیں تو پھر آپ خود کو مشکل میں ڈال لیتے ہیں اور چیلنج صرف باﺅنس ہی ہے جو وہاں کی وکٹوں پر ملتا ہے۔
آسٹریلیا کی وکٹیں بہت اچھی ہیں اگر آپ خود کو حالات کے مطابق ڈھال لیں اور اپنے فیصلے پر قائم رہیں لیکن وہاں ملنے والا اضافی باﺅنس ہمیشہ ہی باﺅلرز کے کھیل کو بھی دلچسپ بنائے رکھتا ہے۔ اس لئے بہترین بیلنس اور پرعزم فٹ ورک ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستانی بلے باز اس طرح کی کنڈیشنز میں بہتر ہو رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ میری بات عجیب لگے کیونکہ گزشتہ سال ہم جنوبی افریقہ میں بہت بری طرح ہارے لیکن وہاں وکٹوں کا مزاج بدلتا رہتا ہے ۔ آسٹریلیا کی مستقل مزاج وکٹوں پر میں پاکستانی بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کی امید رکھتا ہوں۔
”ہم جنوبی افریقہ میں بری طرح ہارے تھے لیکن آسٹریلیا میں۔۔۔“ مکی آرتھر نے زبردست بات کہہ دی
