لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کامران اکمل نے وکٹوں کے پیچھے 900 شکار کرنے والے پہلے ایشیائی بلے باز بننے کے بعد ایک اور شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی کے میچ میں ایک اور نصف سنچری بناتے ہوئے کامران اکمل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13,000 رنز بھی مکمل کر لئے ہیں۔ کامران اکمل نے یہ اعزاز 372 ویں فرسٹ کلاس اننگز میں حاصل کیا اور اس دوران 32 سنچریاں بنانے کے علاوہ 275 انفرادی سکور بھی کیا جبکہ ان کے رنز بنانے کی اوسط 38.40 رہی۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود بھی انہیں قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ کامران اکمل ٹی 20 کرکٹ میں سرفراز احمد کے فطری متبادل ثابت ہو سکتے ہیں تاہم آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے محمد رضوان کو قومی ٹیم میں منتخب کیا گیا۔