• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایڈیلیڈ ٹیسٹ ، دوسری اننگ میں بھی پاکستانی ٹیم سنبھل نہ سکی ، اننگ سے شکست کا خطرہ منڈلانے لگا

Dec 2, 2019

ایڈیلیڈ (نمائندہ خصوصی)ایڈیلیڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگ کے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز ہو چکاہے جس میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر123 رنز جوڑ لیے ہیں جبکہ 164 رنز کا خسارہ باقی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کیخلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بنانے کے بعد اننگ ڈکلیئر کر دی جس میں وارنر نے نہایت شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 335 رنز کی اننگ کھیلی اور بڑا سکور سجانے میں ٹیم کو بڑی مدد فراہم کی جبکہ وہ ناقابل شکست بھی رہے۔ ان کے بعد مارنوس لامبوشین نے 162 رنز اور سٹیو سمتھ نے 38 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ محمد عباس، ڈیبیوٹنٹ محمد موسیٰ، یاسر شاہ، افتخار احمد اور اظہر علی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوارثابت ہوئے ، یاسر شاہ اور بابراعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکا، یاسر شاہ نے 113 اور بابراعظم نے 97 رنز کی اننگ کھیلی ۔یاسر شاہ اور بابراعظم کی شاندار بلے بازی بھی پاکستان کو فالو آن کا شکار ہونے سے نہ بچا پائی ۔
آسٹریلیا نے پاکستان کو فالون آن کروایا اور یوں دوسری اننگ کا آغاز ہوا جس پر شان مسعود اور امام الحق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن امام الحق پچھلی اننگ کی طرح اس میں بھی کوئی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور صفر پر ہی لوٹ گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے کپتان اظہر علی نے 9 جبکہ بابراعظم صرف 8 سکور ہی بناسکے ۔چوتھے نمبر پر آنے والے اسد شفیق نے 68 رنز بنائے ۔