کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف مقامات پر کاروائی کرتے ہوئے منشیات اور متفرق اشیاء قبضے میں لے لیں جن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 1956.86/- ملین روپے ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے منشیات اور متفرق اشیاء قبضے میں لے لیں۔ کوسٹ گارڈز نے موبائل گشت کے دوران تالار تربت روڈ کے مقام پر ایک مشکوک نقل و حرکت کا تعاقب کیا۔ موبائل گشت کو دیکھ کر ملزمان رات کے اندھیرے اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مشکوک پہاڑی علاقے کی تلاشی کے دوران 1770 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی ہے جبکہ ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے ایک کار کے خفیہ خانوںمیں چھپائی گئی 09 کلو گرام اعلی کوالٹی کی افیون برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر بلوچستان) پرمختلف گاڑیوں سے 2,305 کلو گرام چھالیہ، 1175 پیکٹ انڈین گٹکا، 120 پیکٹ نسوار، 136 بیگز چائنا سالٹ، 93 عدد مختلف گاڑیوںکے ٹائرز اور غیر ملکی سگریٹ برآمدکئے گئے ہیں۔ پاکستان کوسٹ گارڈز تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء کو اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔