• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سیاست دان بھی ادیبوں اور دانشوروں سے سیکھیں، ہم سب مل کر ملکی مسائل کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ

Dec 6, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیاست دان بھی ادیبوں اور دانشوروں سے سیکھیں، آج ملک کو ترقی کی ضرورت ہے ، ہم سب مل کر ملکی مسائل کا مقابلہ کر سکتے ہیں، اس شہر سے جو لوگ منتخب ہوتے رہے ہیں ان سے بھی شہر کی صفائی کا سوال پوچھیئے، 12ویں عالمی اردو کانفرنس کے مندوبین صرف آرٹس کونسل کے نہیں بلکہ وہ پورے پاکستان اور سندھ کے مہمان ہیں ، مجھے اس کانفرنس میں شرکت کر کے خوشی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں چارروزہ 12ویں عالمی اردو کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں تسلسل کے ساتھ ہر سال جاری رہنے والی عالمی اردو کانفرنس کی بارہویں تقریب کا انعقاد 5دسمبر جمعرات کی شام پروقار انداز میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آڈیٹوریم میں کیاگیا، جس میں بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شعرائ، ادیبوں اور اسکالروں نے شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت معروف ادبی شخصیات زہرا نگاہ، اسد محمد خاں، کشور ناہید، رضا علی عابدی، افتخار عارف، امجد اسلام امجد، پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، مسعود اشعر، حسینہ معین، چین سے آئے ہوئے ٹینگ مینگ شنگ، جاپان سے تعلق رکھنے والے ہیروجی کتاوکا، زاہد حنا، نورالہدی شاہ اور عارف نقوی نے کی جبکہ بھارت سے آئے ہوئے ممتاز نقاد، ادیب اور دانشور پروفیسر شمیم حنفی اور ہیومن رائٹس آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری حارث خلیق نے ادب اور سماج کے حوالے سے اپنے اپنے مقالے پیش کیے، اجلاس کی نظامت کے فرائض ایوب شیخ نے انجام دیئے۔سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارہویں عالمی اردو کانفرنس 2019 کے انعقاد پر آرٹس کونسل کے منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، دنیاں بھر سے آئے ہوئے ادیبوں ، شعراء اور دانشوروں کو حکومت سندھ کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں کا ملک ہے اور ہر ثقافت پاکستان کی ثقافت ہے ، ہر صوبے میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس جب کا نفرنس شروع ہوئی تو فہمیدہ ریاض ہم سے بچھڑ گئی تھی اور آج جوش ملیح آبادی کی سالگرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل نے مختلف ادب اور زبانوں کے ادیبوں کو یہاں جمع کر کے اچھا اقدام کیا ہے ، سندھ کے لوگ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں ۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہم سب مل کر ملکی مسائل کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل جو خدمات انجام دے رہی ہے اس کی ہر ممکن مدد اور تعاون کیا جائے گا۔وزیراعلی سندھ نے کہا آئندہ چند روز میں شہر کے اندر دو انڈر پاسیز اور اورہیڈ بریجز کا افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر سے جو لوگ منتخب ہوتے رہے ہیں شہری ان سے بھی سوال پوچھئیں کہ شہر کی صفائی کیوں نہیں ہوئی ہے ، ان کو اربوں روپے کا بجٹ ملتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ثقافت سندھ سردار علی شاہ نے کہا کہ ہم نے ان دانشوروں سے لکھنا پڑھنا سیکھا ہے ، اج کی اردو کانفرنس ثقافتی ہم آہنگی قائم کرنے کی طرف ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا جتنے لکھنے والے کانفرنس میں شریک ہیں ان سب کی پاکستان کو ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف زبانوں کے ادیبوں اور شعراء نے پاکستان کی خدمت کی ہے ان سب نے امن اور برداشت کا درس دیا ہے ۔ آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے ادیبوں اور شعراء کی کانفرس میں شرکت پر ان سب کا شکر گزار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ایسی کہکشاں ہے جہاں ادب کے چمکتے ستارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اردو کانفرنس قومی ثقافتی کانفرنس میں تبدیل ہو گئی ہے ، پہلی دفعہ اس کانفرنس میں دیگر زبانوں کے بھی سیشن رکھے گئے ہیں اور مختلف زبانوں کے ادیب ، شعراء اور دانشور کو اس اردو کانفرنس میں ایک دوسرے کے ساتھ گفت وشنید کا بھی موقع ملے گا۔ آخیر میں وزیراعلی سندھ نے جوش ملیح آبادی کے 121 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔