اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معروف گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے فیصلے کے بارے میں سوال اٹھایا ہے کہ کہیں یہ شہباز شریف نے تو نہیں لکھا۔
ہارون شاہد نے ٹوئٹر پر سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے کا وہ حصہ شیئر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اگر پرویز مشرف مر بھی جائیں تو ان کی لاش کو گھسیٹ کر ڈی چوک لایا جائے اور تین روز تک پھانسی پر لٹکایا جائے۔ ہارون شاہد نے فیصلے کے ان الفاظ پر سوال اٹھایا کہ کہیں یہ فیصلہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تو نہیں لکھا؟ ۔ ’سڑکوں پر گھسیٹوں گا‘ مشرف کے خلاف فیصلہ ایک بھدا مذاق ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے رہنماﺅں سے سوال کیا کہ ’گاڈ فادر‘ کہنے پر آگ لگ گئی تھی اور آج جج جو کہہ دیں وہ ٹھیک ہے؟
خیال رہے کہ 2013 کی انتخابی مہم کے دوران سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اگر انہیں حکومت مل گئی تو وہ زرداری کو اسلام آباد اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹیں گے اور زرداری کا پیٹ پھاڑ کر قوم کا لوٹا ہوا پیسہ نکالیں گے، اگر وہ ایسا نہ کرسکیں تو ان کا نام تبدیل کردیا جائے۔