• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدالنہیان آج پاکستان پہنچیں گے

Jan 2, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدالنہیان آج پاکستان پہنچیں گے، اس دوران وہ وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ سے جاری ہونے والے دورے کی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زایدالنہیان کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی امور پر بات چیت ہوگی،وزیراعظم عمران خان ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے آپس کے دورے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں، ولی عہد شیخ محمد کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ یو اے ای کے ولی عہد نے گزشتہ سال 6 جنوری 2019کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جو کسی بھی عالمی رہنما کی طرف سے سال کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے وہ آج (2 جنوری) 2020 کو اپنے دوسرے دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

شیخ محمد بن زید کے اس دورے سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان اسلام آباد آئے تھے۔انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے الگ الگ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی تھی۔

گزشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔انھوں نے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مو¿قف کی حمایت کا اعادہ کیا تھا اور انھیں سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے بارے میں تجویز سے آگاہ کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے 14دسمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا،اسی روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ابوظبی کا دورہ کیا تھا اور ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ملاقات میں علاقائی سلامتی کے ماحول اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورہ سعودی عرب سے واپسی پر ستمبر میں اور پھر نومبر 2018 میں ابوظہبی کے دو دورے کیے تھے۔ ان دوروں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئے سرے سے بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
دوروں کے دوران دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات کو طویل مدت سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنے اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے جامع لائحہ عمل پر بنانے پر اتفاق کیا۔ گذشتہ دورے میں ابو ظہبی کے ولی عہد نے تقریباً 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے سپورٹ پیکج کا اعلان کیا تھا۔اس پیکج میں 3 ارب ڈالر نقد پاکستان کو دینے کے علاوہ موخر ادائیگیوں پر 3 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کے تیل کی فراہمی بھی شامل تھی۔ یہ پیکج بالکل ویسا ہی ہے جیسا سعودی عرب کی جانب سے دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے بھی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان وزرائے خارجہ سمیت مختلف سطحوں پر مسلسل روابط جاری ہیں۔