اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین نیب نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس کے قتل اور ٹائر سکینڈل کیس کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب کراچی کو ملزم عاطف زمان کیخلاف کارروائی کی بھی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کراچی میں اینکر پرسن مرید عباس کے قتل اور ٹائر سکینڈل کیس کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی نیب کراچی کو ملزم عاطف زمان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ملزم عاطف زمان نے 9 جولائی 2019ءکو نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کو اپنے آفس میں بلا کر فائرنگ کرکے جبکہ ایک اور انویسٹر خضر حیات باہر گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، جبکہ خود کو گولی مار کر خودکشی کی بھی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرکے ہسپتال منتقل کردیا تھا۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اینکر پرسن اور دیگر افراد سے لوٹے گئے اربوں روپے کی تحقیقات ہوگی، قومی احتساب بیورو نے ٹائرز کے جعلی کاروبار پر اربوں روپے لوٹنے کی شکایات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔نیب کے مطابق معاملے کی تحقیقات کا مقصد متاثرین کو لوٹی گئی رقم واپس دلانا ہے۔