لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان ریسلنگ ٹیم فروری میں بھارت میں شیڈول ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی اور ایشیائی ممالک کے ریسلرز کا سب سے بڑا میلہ 18 فروری سے 23 فروری تک نئی دہلی میں ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے ہمسایہ ملک میں شیڈول 6 روزہ مقابلوں کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ سے جلد کیمپ لگانے کی اپیل کی ہے۔ریسلنگ فیدڑیشن کے سیکرٹری ارشد ستار کے مطابق بھارتی منتظمین کو ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے اور یونائٹیڈ ورلڈ ریسلنگ فیدڑیشن کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے، اب باقاعدہ دعوت نامہ ملنے کے بعد ویزا پراسس کا آغاز کردیاجائے گا۔
سیکرٹری پی ڈبلیو ایف کے مطابق ایشین چیمپین شپ میں شرکت اس لئے بھی ضروری ہے کہ اس ایونٹ میں حصہ لینے والے ریسلرز ہی اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کھیلنے کے اہل ہوں گے، جو 27 سے 29 مارچ تک چین میں شیڈول ہے، ہم نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو جلد سے جلد کیمپ لگانے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی ہم فنڈز کی قلت کی وجہ سے ایشین چیمپئن شپ میں نہیں جاسکے تھے لیکن اس بار ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہمارے ریسلرز کے پاس چانس ہوگا کہ وہ بہترین کارکردگی دکھاکر ٹوکیو اولمپکس کیلئے راہ ہموار کرسکیں، ریسلنگ فیدڑیشن نے ہمیشہ ہر سطح پر پاکستان کو میڈل جیت کر دیئے ہیں، اس بار بھی مایوس نہیں کریں گے۔
پاکستان کا بھارت میں شیڈول ایشین ریسلنگ چیمپین شپ میں شرکت کا فیصلہ مگر کیوں؟ اہم وجہ بھی سامنے آ گئی
