• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

آسٹریلین بلے بازوں کا بھارتی باﺅلرز پر ’لاٹھی چارج‘، پہلے ون ڈے میں 10 وکٹوں سے شکست دیدی

Jan 15, 2020

ممبئی (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بھارتی ٹیم کو تمام شعبوں میں آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وانکھڑے سٹیڈیم ممبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 49.1 اورز میں 255 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ شیکھر دھون نے سب سے زیادہ 74 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما نے 10، لوکیش راہول نے 47، ویرات کوہلی نے 16، شریاس ائیر نے 4، رشبھ پنت نے 28، رویندرا جدیجہ نے 25، شردل ٹھاکر نے 13، محمد شامی نے 10 اور کلدیپ یادیو نے 17 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 56 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پیٹ کومنز اور رچرڈسن نے 2,2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ ایڈم زامپا اور ایشٹن اگر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلین اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ہدف 37.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر نے 112 گیندوں پر 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 128 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان ایرون فنچ نے 114 گیندوں پر 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔