پورٹ الزبتھ (نمائندہ خصوصی) جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقہ نے کوینٹن ڈی کوک کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے مزید 291 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 60 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ سے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو63 کے مجموعی سکور پر ڈین ایلگر 35 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ 71 کے مجموعی سکور پر کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 109 کے مجموعی سکور پر روسی وینڈرڈوسن 24 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ 154 کے مجموعی سکور پر گری اور اینرچ نورچے 18 رنز بنا کر چلتے بنے۔ وکٹ کیپر بلے باز کوینٹن ڈی کوک63 اور ویرنون فلینڈر 27 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈوم بیس سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 31 اوورز میں 51 راز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بین سٹوکس نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی پوپ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 135 رنز بنائے جبکہ بین سٹوکس نے 120 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں زیک کرالی نے 44، ڈوم سبلی نے 36، جو ڈینلی نے 25، جو روٹ نے 27، جوز بٹلر نے 1، سیم کیورن نے 44، ڈوم بیس نے ایک اور مارک ووڈ نے 42 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 58 اوورز میں 180 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کاگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈین پیٹرسن اور اینرچ نورچے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔