• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اگر آپ اور آپ کا بیٹا کلب میں جائیں اور دونوں کو ایک ہی لڑکی پسند آجائے تو کیا کریں گے؟ سیف علی خان نے صحافی کو حیران کن جواب دے دیا

Jan 20, 2020

ممبئی (نمائندہ خصوصی) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم جوانی جانِ من کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ فلم کا گانا ریلیز کرنے کی تقریب کے دوران ایک صحافی نے ان سے عجیب سا سوال پوچھا تو سیف علی خان نے انہیں حیران کن جواب دے دیا۔
گانے کی لانچنگ تقریب میں ایک صحافی نے بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سے سوال کیا کہ ’ اگر آپ اپنے بیٹے ابراہیم یا تیمور علی خان کے ساتھ کلب میں جائیں اور دونوں کو ایک ہی لڑکی پسند آجائے تو آپ کیا کریں گے؟‘

خیال رہے کہ سیف علی خان کے 2 بیٹے ہیں، بڑا بیٹا ابراہیم علی خان 19 سال کا ہے اور ان کی پہلی بیوی امرتا سنگھ کے بطن سے ہے ، سیف کا دوسرا بیٹا تیمور علی خان ہے جس کی عمر 3 سال ہے اور وہ اکثر اپنی ماں کرینہ کپور کے ساتھ ہی نظر آتا ہے۔
صحافی کے سوال پر سیف علی خان نے کہا کہ اگر وہ اپنے بیٹے تیمور کے ساتھ ایک ہی کلب میں جاتے ہیں اور دونوں کو ایک ہی لڑکی پسند آجائے تو وہ تیمور کو اٹھا کر گھر بھیج دیں گے ۔ سیف علی خان نے کہا کہ اگر وہ اپنے بڑے بیٹے ابراہیم کے ساتھ کلب جائیں اور انہیں ایک ہی لڑکی پسند آگئی تو وہ چپ کرکے گھر آجائیں گے کیونکہ ابراہیم کافی لمبا ہے اور وہ اسے اٹھا نہیں سکتے ۔ ’ میں گھر میں بیٹھ کر تیمور کو پڑھانا شروع کردوں گا، میں اب بوڑھا ہوگیا ہوں بس آپ لوگوں کے سامنے کول بننے کی کوشش کرتا ہوں۔‘