ساہیوال (چوہدری خاورعلی)وزیر اعظم عمران خان عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور کشمیریو ں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لئے ہر فورم پر مقدمہ لڑ رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنا پیدائشی حق حاصل کر کے بھارتی تسلط سے نجات حاصل کریں گے اوران پر طاری ظلم و جبر کی سیاہ رات ختم ہو گی ،پاکستان کا ہر بچہ ،بوڑھا ،جوان اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کی جدوجہد آزادی کی بھر پور حمایت جاری رکھے گا -یہ بات تحریک انصاف کی رہنما اور سابق ممبر پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم خان ایڈوکیٹ نے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مجید امجد ھال میں ہونے والے ایک سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے کہی جس میں مقامی کالجز کے طلبہ نے شرکت کی -تقریب کا اہتمام کشمیر ڈے کے حوالے سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کیا گیا تھا جس میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ثمرین کوثر نے بھی شرکت کی -انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے ہزاروں جوانوں کے لہو کا نذرانہ دے کر جدوجہد آزادی کو زندہ رکھا ہے اور دنیا کے ہر با ضمیر شخص کو اس جدوجہد کی حمایت کرنی چاہیے -انہوں نے کہا کہ جس قوم نے آزادی حاصل کرنے کا عز م کر لیا اسے جبرو استبداد سے زیادہ عرصہ غلام نہیں بنایا جا سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھی اپنا حق حاصل کر کے رہیں گے۔ ڈاکٹر ثمرین کوثر نے بھارتی فوج کی طرف سے خواتین کی بے حرمتی اور بچوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانیت کی تذلیل کے ان دلسوز واقعات کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں -سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی اور مقررین نے طلبہ کے تحریک آزادی کشمیر سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے –