کراچی (نمائندہ خصوصی)سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے غیرقانونی قراردے دیئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سندھ پولیس میں افسروں کے تبادلوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست گزار کی جانب سے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا گیا کہ حالیہ دنوں میں 80 پولیس افسروں کے تبادلے کردیئے گئے ،ڈی آئی جی کے تبادلے کیلئے آئی جی سندھ سے مشاورت لازمی ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ سندھ پولیس میں تبادلوں کو کالعدم قراردیاجائے۔
عدالت نے ڈی آئی جی خادم حسین اور ایس پی ڈاکٹر رضوان کے تبادلے غیرقانونی قراردے دیئے،عدالت نے کہا ہے کہ آئی جی سے مشاورت کے بغیر خادم حسین اور ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ غیرقانونی ہے ،سندھ حکومت آئی جی کی مشاورت کے بغیر پولیس افسروں کے تبادلے نہیں کر سکتی ،پولیس افسروں کے تبادلے پر طریقہ کار پرعمل نہیں کیا گیا ۔