راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آج پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔پاکستان اوربنگلہ دیش کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پہنچ گئیں۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہو گا۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 16 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہی ہے جبکہ مجموعی طور پر مہمان ٹیم پاکستان میں محض پانچ ٹیسٹ کھیل چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ بارش سے متاثر ہونے کے امکان کم ہیں، آج کے دن جڑواں شہروں کا موسم خشک اور سرد رہے گا۔
قومی ٹیم کی کپتانی اظہر علی کریں گے جنہوں نے گزشتہ روز ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے پاس مضبوط تیز گیندباز ہیں جن کے پاس میچ جتوانے کی صلاحیت موجود ہے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کو ہرانے کے لیے پرعزم ہیں، کوشش کریں کے مہمان ٹیم کو جیتنے کا کوئی موقع نہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران راولپنڈی میں شائقین کرکٹ کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی تھی، یہاں جب بھی کھیلے ہیں نتائج اچھے سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، کرکٹ بورڈ کی کوشش سے ہی پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔
اظہر نے کہا کہ کہ بطور کپتان اور بحیثیت کھلاڑی میری کوشش ہے کہ اپنی کارکردگی میں بھی بہتری لاؤں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ میچز کو جیتنا آسان کام نہیں ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم بہترین ہے، شائقین اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔