کراچی(نمائندہ خصوصی)صدارتی ایوارڈیافتہ اداکارہ مہوش حیات ایک اورمعاملے پر میدان میں آگئیں قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل کی جانب سے نازیبا گفتگو کرنے پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ’سیاستدانوں کی جانب سے اس طرح کے ذاتی حملوں پروہ ہکا بکا رہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا یہ بات کسی بھی جگہ پر ناقابل برداشت ہے،لیکن پارلیمان کا تقاضہ ہے کہ اس کے وقار کا خیال رکھا جائے جو کہ یہاں کراس کیاگیاہے۔اپنے مسائل کو اجاگر کرنے کے کئی اور بہتر طریقے بھی موجود ہیں۔ آئندہ ایسے اقدامات پر مناسب کارروائی ہونی چاہئے۔‘
واضح رہے کہ وائرل ویڈیو میں عبدالقادر پٹیل کوقومی اسمبلی کے فلور پر ایک اور رکن اسمبلی کو پیٹھ دکھانے پر یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’یار اس طرح ہمیں پوز مت دکھاو،ہمیں کچھ ہوتا ہے‘۔ عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ سب لوگ اسمبلی میں محنت کرکے پہنچے ہیں لیکن جو محنت یہ کرکے آئے ہیں ویسی کسی نے نہیں کی نہ اللہ کسی سے کروائے۔تاہم ڈپٹی اسپیکر کی مداخلت پر قادر پٹیل نے کہاکہ وہ سپیکر کو پیٹھ نہ دکھانے کا کہہ رہے ہیں۔
افسوس کی بات تو یہ ہے کہ عبدالقادر کے ان ذومعنی جملوں پر مرد اور خواتین ارکان اسمبلی ڈیسک بجابجاکرانہیں داد دیتے رہے،جبکہ سوشل میڈیا پر عبدالقادر پٹیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے۔