• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے سنسنی خیز میچ کا ناقابل یقین فیصلہ آ گیا

Feb 29, 2020

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 16 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری جیت حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔ ٹام بینٹن اور حیدر علی نے 34,34 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں جبکہ کامران اکمل 14، لائم لیونگسٹون 5، لوئس گریگوری 16، محمد محسن صفر، ڈیرین سیمی 12 اور وہاب ریاض 13 رنز بنا سکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دلبر حسین سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 24 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ڈیوڈ ویز نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئی اور مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 116 رنز ہی بنا سکی۔ لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی نے پشاور زلمی کے 133 رنز کے تعاقب میں پراعتماد اور جارحانہ کھیل کا آغاز کیا۔ کرس لین اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر کرس لین لوئس گریگوری کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 15 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔

دوسری وکٹ 50 کے مجموعی سکور پر گری اور محمد حفیظ صرف ایک سکور بنا کر لوئس گریگوری کی گیند پر ٹام بینٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اننگز اوپن کرنے والے فخر زمان ایک مرتبہ پھر ناکام رہے جنہیں ناصرف نو بال پر نئی زندگی ملی بلکہ وہ فری ہٹ پر بھی کیچ ہو گئے، دو مواقع ملنے کے باوجود فخر زمان 19 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے صرف 22 رنز بنا کر لوئس گریگوری کی گیند پر لائم لیونگسٹون کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کے ڈین ویلاس بھی ہدف کے تعاقب میں کردار ادا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 5 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کپتان سہیل اختر نے میدان میں آتے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور لوئس گریگوری کو لگاتار دو گیندوں پر دو چھکے رسید کئے تاہم تیسری گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں وہ بھی کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔آل راﺅنڈر ڈیوڈ ویز بھی جلد ہی ہمت ہار بیٹھے اور صرف 9 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر ٹام بینٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔سمت پٹیل نے 14 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے لوئس گریگوری سب سے کامیاب باﺅلر ٹھہرے جنہوں نے 3 اوورز میں 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، کرس لین، محمد حفیظ، ڈین ویلاس، ڈیوڈ ویز، سمت پٹیل، شاہین آفریدی، دلبر حسین، معاذ خان اور سلمان ارشاد شامل تھے۔

پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام بینٹن، محمد محسن، لائم لیونگسٹون، حیدر علی، لوئس گریگوری، وہاب ریاض، حسن علی، راحت علی اور محمد عامر خان شامل تھے۔