جوہانسبرگ(نمائندہ خصوصی)جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو 74رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 291رنز بنائے، ہینرچ کلیزن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر 64اور کائل ورینی 48رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پیٹ کمنز نے تین اور مچل سٹار نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، آسٹریلیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 45.1اوورز میں 217رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سٹیون سمتھ 76اور مارنس لابوشین 41رنز بناکر نمایاں رہے، لنگی نگیڈی نے تین جبکہ تبریز شمسی اور اینرچ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ہینرچ کلیزن کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔