لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 19 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی کراچی کنگز کیخلاف بیٹنگ جاری ہے جس نے 16 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنا لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو معین علی اور ذیشان اشرف نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 17 رنز بنائے تاہم اس موقع پر ذیشان اشرف صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ معین علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاور پلے میں بڑا سکور کرنے کی کوشش کی اور 22 گیندوں پر 1 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز بھی کھیلی تاہم 37 کے مجموعی سکور پر وہ بھی عامر یامین کا شکار بن گئے۔
یامر یامین نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے اگلی ہی گیند پر ملتان سلطانز کے خطرناک بلے باز ریلی روسو کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی تاہم وہ ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے، ریلی روسو کوئی سکور بنائے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔ ملتان سلطانز کو اگلا نقصان کپتان عماد وسیم نے پہنچایا اور پہلی ہی گیند پر چوکا لگانے والے روی بوپارا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی، انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود بھی کراچی کنگز کے باﺅلرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور صرف 9 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 64 کے مجموعی سکور پر خوشدل شاہ بھی ہمت ہار بیٹھے اور 16 گیندوں پر 8 رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بابراعظم، ایلکس ہیلز، شیڈوک والٹن، افتخار احمد، کرس جورڈن، عامر یامین، محمد عامر، مچل میکلینیگن اور عمر خان شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود کر رے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ریلی روسو، معین علی، روی بوپارا، عمران طاہر، محمد عرفان، محمد الیاس، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر اور ذیشان اشرف شامل ہیں۔