لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 23ویں میچ میں لاہور قلندرز نے بین ڈنک کی دھواں دار اور سہیل اختر کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ”تھرتھلی“ مچا دی ہے، بین ڈنک نے انتہائی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 99 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے 187 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا تو بائیں ہاتھ کے بلے باز اس میچ میں ناکام رہے اور 5 گیندوں پر بغیر کوئی سکور بنائے محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے بڑی اننگز کھیلنے کیلئے محتاط انداز اپنایا اور 24 گیندوں پر صرف 16 رنز بنا کر عمر خان کی گیند پر ڈیلپورٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے اور یوں لاہور قلندرز مزید مشکلات سے دوچار ہو گئی۔
کپتان سہیل اختر اور بین ڈنک نے دو وکٹیں گرنے کے بعد انتہائی ذمہ دارانہ اور طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 140 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو زبردست کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ بین ڈنک نے برق رفتار بلے بازی کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 12 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 99 رنز بنائے جبکہ سہیل اختر نے 46 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے دو اوورز میں صرف 5 رنز جوڑے۔ شرجیل خان نے تیسرے اوور کی تیسری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کو چوکا مار کر خطرناک عزائم ظاہر کئے تاہم اگلی ہی گیند پر وہ سنگل لینے کی کوشش میں ڈیوڈ ویزے کی تھرو پر رن آﺅٹ ہو گئے۔
بابراعظم نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں اوور میں معاذ خان کو 19 رنز جڑ دئیے اور سارا دباﺅ لاہور قلندرز پر ڈال دیا جس کے بعد ایلکس ہیلز نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 70 پر پہنچا دیا اور اچھے ہدف کی بنیاد رکھ دی تاہم اس موقع پر بابراعظم معاذ خان کی گیند پر ہی سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 29 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے کیمرون ڈیلپورٹ نے بھی معاذ خان پر ’حملہ آور‘ ہونے کی کوشش کی اور 13 ویں اوور کی پہلی گیند پر انہیں زوردار چوکا بھی مارا تاہم اگلی ہی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند ہوا میں بلند ہو گئی اور معاذ خان نے ہی ان کا کیچ بھی لیا، وہ 13 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا سکے۔
آل راﺅنڈر افتخار احمد خاصے بدقسمت رہے جو صرف ایک سکور بنا سکے اور سنگل لینے کی کوشش میں ڈین ویلاس کی تھرو پر رن آﺅٹ ہو گئے۔ ایلکس ہیلز اور شیڈول والٹن پانچویں وکٹ کی شراکت میں دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے کسی بھی باﺅلر کو خاطر میں نہ لائے اور 93 رنز جوڑے۔ ایلکس ہیلز نے 48گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شیڈول والٹن نے 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے معاذ خان سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ان کے علاوہ کوئی بھی باﺅلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
قبل ازیں سہیل اختر کا کہنا تھا کہ آج بھی وکٹ میں ہلکا سا موئسچر نظر آ رہا ہے اس لئے امید ہے کہ گیند ٹرن ہو گا۔ گراﺅنڈ میں موجود کراﺅڈ بہت مثبت ہے جو دونوں ٹیموں کو سپورٹ کر رہا ہے اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ایسا ہی جوش و جذبہ دیکھنے کو ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور دلبر کی جگہ عثمان خان شنواری جبکہ فرزان کی جگہ معاذ خان کو شامل کیا گیا ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی باﺅلنگ کرنے کا فیصلہ ہی کرتے مگر وکٹ بہتر لگ رہی ہے اور امید کرتے ہیں کہ اچھا کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کھیلا جانے والا میچ ماضی کا حصہ بن گیا ہے ، ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں جو سپن کو بہت بہتر کھیل سکتے ہیں اور یہ بیٹنگ کیلئے اچھی وکٹ لگ رہی ہے جس پر بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، ایلکس ہیلز، کیمرون ڈیلپورٹ، شیڈوک والٹن، محمد عامر، عامر یامین، کرس جورڈن، افتخار احمد اور عمر خان شامل ہیں۔
لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ڈین ویلاس، ڈیوڈ ویزے، سمت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان شنواری، سلمان ارشاد اور معاذ خان شامل ہیں۔