• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شرجیل اور بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

Mar 13, 2020

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے شرجیل خان اور بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے 150 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی اوپننگ جوڑی بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے باﺅلرز کی ایک نہ چلنے دی اور دونوں نے 17.1 اوورز میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔ شرجیل خان نے 59 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ بابراعظم 46 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ میچ کے 13 ہویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی اورشرجیل خان کے درمیان تکرار بھی دیکھنے کو ملی، شرجیل خان نے شاہین شاہ آفریدی کو چوکا لگایا تو شاہین شاہ آفریدی نے ان پر جملے کسے جس کے بعد ایک بال بیٹ کرنے میں بھی کامیاب ہوئے تاہم جب شرجیل خان نے ایک اور چکا لگایا تو انہوں نے بھی شاہین آفریدی پر جوابی ’حملہ‘ کیا اور فاسٹ باﺅلرز نے بھی کچھ الفاظ کہے، اس موقع پر امپائر نے اگلی گیند کرنے کیلئے رن اپ کے آغاز کی جانب بڑھتے شاہین شاہ آفریدی کو کچھ سمجھایا جس پر انہوں نے صرف مسکرانے پر ہی اکتفا کیا۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر فخر زمان عمید آصف کو شاٹ لگانے کی کوشش میں کلین بولڈ ہو گئے، وہ 12 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے محض 17 رنز ہی بنا سکے۔

جارح مزاج بلے باز کرس لین متاثرکن کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 5 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ارشد اقبال کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ کراچی کنگز کے باﺅلرز نے بین ڈنک کو بھی کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور صرف 90 کے مجوعی سکور پر ہی انہیں بھی پویلین کی راہ دکھا دی، وہ 14 گیندوں پر 1 چوکے کی مدد سے 9 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر اسامہ میر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 108 کے مجموعی سکور پر وہ ارشاد اقبال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تاہم انہوں نے امپائر کے فیصلے کیخلاف ریویو لے لیا لیکن فیصلہ ان کیخلاف ہی رہا اور یوں لاہور قلندرز ریویو سے بھی محروم ہو گئی۔ سمت پٹیل بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 9 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کرس جورڈن کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ آل راﺅنڈر محمد حفیظ 35 جبکہ ڈیوڈ ویزے 5 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشاد اقبال سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 15 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عمید آصف نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس جورڈن ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، ایلکس ہیلز، شیڈوک والٹن، افتخار احمد، محمد عامر، کرس جورڈن، اسامہ میر، عمید آصف اور ارشد اقبال شامل تھے۔
لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، کرس لین، محمد حفیظ، بین ڈنک، محمد فیضان، ڈیوڈ ویزے، سمت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی، حارث رﺅف اور دلبر حسین شامل تھے۔