• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل 5 کے ملتوی ہونے والے میچز کب منعقد کئے جا سکتے ہیں؟ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے خوشخبری سنا دی

Mar 19, 2020

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ٹی 20 ورلڈکپ کے فوراً بعد پی ایس ایل فائیو کے ملتوی ہونے والے میچز کرانے کا وقت مل جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائیو کے ملتوی ہونے والے میچز رواں سال ہی ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا ”یہ میچز اسی سال ہوں گے اور ہم آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کے فوری بعد فراغت کے 6 سے 7 دنوں کی تلاش میں ہیں اور میرے خیال سے میچز کرانے کیلئے یہ بہترین وقت ہو گا۔“

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کا ناک آﺅٹ مرحلہ ملتوی کر دیا گیا جبکہ اس سے قبل پلے آف مرحلے میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے سیمی فائنل میں بدل دیا گیا تھا جس کے تحت پہلا سیمی فائنل پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونا تھا جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جانا تھا۔