• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کورونا وائرس کے باعث اڈیالہ جیل کے قیدیوں سے متعلق ہائیکورٹ کا بڑاحکم

Mar 20, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلا م آبادہائیکورٹ نے معمولی جرائم والے قیدیوں کو ضمانتی مچلکوں پررہا کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ایک افسر مقرر کریں جو ضمانتی مچلکوں کے معاملات دیکھے ،جوقیدی مچلکے جمع نہ کراسکیں تو حکومت ان قیدیوں کے مچلکے خود دے ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں معمولی جرائم میں گرفتار قیدیوں کی رہائی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ،چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل سے معمولی سزا کے قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیاکہ قیدیوں سے متعلق پالیسی کیا ہے نیشنل کمانڈ کمیٹی نے کیا فیصلہ کیا؟،ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اجلاس ہوا تھا، یہ معلوم ہوا کہ کسی قیدی کو تاحال کورونا وائرس نہیں ہوا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جب غیر ضروری حراست میں ڈالا جاتا ہے تو اس سے بھی بوجھ بڑھتا ہے،بہت سے کیسز ایسے آئے ہیں جن کے ملزمان کو جیل تک نہیں پہنچایا جانا چاہیے، چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ جیلیں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی ہیں، خدانخواستہ کسی جیل میں کورونا پھیل گیا تو وہ اس کو روکنا مشکل ہو جائے گا۔

وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل نے کہاکہ جو قیدی جیل سے رہا ہوتے ہیں ان کی سکریننگ کی جانی چاہیے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ جن قیدیوں کی سزا کم رہ گئی ہے ان کو بھی رہا کیا جا سکتا ہے،اگر کوئی مریض قیدی ہے تو صوبائی حکومت اس کی سزا معطل کر کے رہا کر دے۔

عدالت نے 7 سال سے کم سزاوالے معمولی جرائم میں گرفتار قیدیوں کورہا کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ایک افسر مقرر کریں جو ضمانتی مچلکوں کے معاملات دیکھے ،جوقیدی مچلکے جمع نہ کراسکیں تو حکومت ان قیدیوں کے مچلکے خود دے ۔