اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کیخلاف کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ جا کر کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹرینز سے بات کروں گا، ہم سب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے، ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کیا ہو رہا ہے، وہاں بچوں،عورتوں اور نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باکسر عامر خان نے کہا کہہم سب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،عامر خان فاؤنڈیشن کشمیریوں کی مدد کرے گی، میں کشمیر میں رہنے والوں کے چہرے پر خوشی دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے منگل کو پاک فوج کے ساتھ کشمیر کا دورہ کیا تھا،میں وہاں جا کر محسوس کرنا چاہتا تھا کہ مجھے دیکھ کر انہیں کیسا لگتا ہے؟مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیر کی بڑی کمیونٹی رہتی ہے اور برطانوی لیبر پارٹی نے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر لندن میں بہت بڑا مظاہرہ بھی ہوا ہے۔عامر خان نے کہا کہ ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کیا ہو رہا ہے؟وہاں بچوں،عورتوں اور نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا چاہیے اور تمام سیاستدانوں کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے،بھارتی فنکار کشمیر کے معاملے پر مکمل طور پر بھارت کے ساتھ ہیں۔بین الاقوامی باکسر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل سرحد پار کشمیریوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، مجھے سب لوگوں نے منع کیا تھا کہ وہاں جانا خطرناک ہے لیکن اس کے باوجود میں وہاں گیا اور میرا ایل او سی کے دورے کا مقصد اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی تھا،اب میں برطانیہ جا کر کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹرینز سے بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے میری بہت مدد کی ہے اور میری آج آرمی چیف کے ساتھ باکسنگ کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔