لاہور (نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس نے اس وقت دنیا میں قیمتی جانوں کو نگلنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ہر طرف خوف کا سماں ہے جبکہ پاکستان کی تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاﺅن بھی کر دیا گیاہےتاہم اب پاکستان میں کورونا کے مزید نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 1000 ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افرادکی تعداد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 28 کیسز کا اضافہ ہواہے جس کے بعد مجموعی تعداد 1000 ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والی کی تعداد 7 ہو گئی ہے ۔تاہم یہاں پر یہ بھی اہم ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعدا 19 ہو گئی ہے تاہم اس وقت پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔
سب سے زیادہ کورونا کے کیسز اس وقت سندھ میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 413 تک جا پہنچی ہے ، پنجاب میں 296 ، بلوچستان میں 115 ، گلگت بلتستان میں 81 ، خیبر پختون خواہ میں 78 ، اسلام آباد میں 16 اور آزاد کشمیر میں صرف ایک کیس سامنے آیا ہے ۔
کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان سے ہوا اور جس کے بعد اس نے آہستہ آہستہ پوری دنیا کو ہی اپنی لپیٹ میں لے لیاہے ، دنیا بھر میں اس وقت کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد چارلاکھ 22 ہزار 915 افراد ہو گئی ہے جبکہ اب تک 18 ہزار 915 افراد جان کی بازی ہا ر چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئیں ہیں ۔