لاہور (نمائندہ خصوصی) معروف فٹ بال کلب ’یووینٹس‘ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے سٹار کھلاڑی ”پاﺅلو دیبالا“ نے اس موذی مرض سے صحت یابی کے دوران خود پر بیتنے والی دردناک تفصیلات سے آگاہ کیا ہے جس سے صرف اٹلی میں 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دیبالا نے گزشتہ ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ میں، ڈینیل روگانی اور بلیز متویدی کورونا وائرس سے شکار ہوئے ہیں۔ دیبالا نے کورونا وائرس سے کافی حد تک صحت یاب ہونے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت شدید علامات کے بعد اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔
26 سالہ دیبالا نے کہا ” چند روز قبل تک میں ٹھیک نہیں تھا، میں بھاری پن محسوس کرتا تھا اور صرف 5 منٹ کی حرکت کے بعد ہی رکنا پڑتا تھا کیونکہ مجھے سانس لینے میں بہت مشکل پیش آتی تھی۔ اب میں چل پھر سکتا ہوں اور ٹریننگ کرنے کی کوشش بھی کر رہا ہوں کیونکہ جب مجھے نے چند روز قبل کوشش کی تھی تو مجھ پر کپکپی طاری ہو جاتی تھی۔ “
ان کا کہنا تھا ”میں ہانپنے لگتا تھا اور اس کے نتیجے میں کچھ بھی نہیں کر پاتا تھا، صرف پانچ منٹ کے بعد ہی میں بہت زیادہ تھک چکا ہوتا تھا، مجھے اپنا جسم بہت بھاری لگتا اور پٹھوں میں درد بھی محسوس ہوتا تھا۔ لیکن اب میں ٹھیک ہوں، میری منگیتر اوریانا نے بھی کورونا کی علامات پر قابو پا لیا ہے۔“