ممبئی (نمائندہ خصوصی) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران فلم انڈسٹری میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے 25 ہزار لوگوں کی ذمہ داری اٹھائیں گے۔
ویسٹرن انڈیا سنی امپلائیز کی مجلس عاملہ کے صدر بی این تیواری کے مطابق سلمان خان مذکورہ تنظیم کے رجسٹرڈ 25 ہزار ملازمین کی مالی امداد کریں گے۔” جب ہم نے سلمان خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے ہم سے متاثرہ لوگوں کی تعداد پوچھی، ہم نے انہیں 25 ہزار متاثرین بتائے، انہوں نے ان لوگوں کی فوری مدد کی حامی بھرلی ۔”
پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو، مریض بڑھنے لگے، تعداد 1716 ہوگئی
تیواری کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو سب لوگ صرف 21 روز کے لاک ڈاؤن کی تیاری کر رہے ہیں لیکن ہمارے ورکرز کی تعداد 5 لاکھ ہے، اگر یہ ایک یا دو مہینے تک چلا تو ہمیں ہر جگہ سے فنڈز کی ضرورت پڑے گی۔ ہزاروں لوگ ایسے ہیں جو وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں عطیات دے رہے ہیں لیکن جس انڈسٹری سے ان کا تعلق ہے اس کے بارے میں نہیں سوچ رہے، انہیں پہلے اپنے لوگوں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
بی این تیواری نے نام لیے بغیر اکشے کمار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آپ وزیر اعظم کے کاغذوں میں اچھا بننے کیلئے 25 کروڑ روپے دے چکے ہیں لیکن آپ نے فیڈریشن کو ابھی تک ایک فون کال بھی نہیں کی۔