لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ شرجیل خان سخت محنت کے ذریعے معیاری فٹنس حاصل کر کے ورلڈکپ سکواڈ کیلئے قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز شرجیل خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی جس کے بعد ان کی قومی ٹی 20 ٹیم میں واپسی پر بحث چل نکلی ہے اور ہر کوئی اپنی رائے دینے میں مصروف ہے۔
محمد حفیظ نے دبے الفاظ میں اس کی مخالفت کی تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے انہیں اپنی کرکٹ پر توجہ دینے کا مشورہ دیدیا جبکہ وقار یونس نے ان کی فٹنس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر ٹیم میں واپسی کی صورت نظر نہیں آتی اور اب ان کا کہنا ہے کہ وہ فٹنس حاصل کر کے ٹیم میں آ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ”بطور کھلاڑی بات کریں تو شرجیل خان کا کوئی ثانی نہیں لیکن اگر انہیں ٹی 20ورلڈکپ کیلئے آسٹریلیا لے جائیں تو کیا وہ بچ سکیں گے؟ ان کا وزن کچھ زیادہ نظر آیا، فٹنس کے مسائل نظر آئے اور فیلڈنگ کرنے میں بھی پریشان دکھائی دئیے، لیکن اب ان کے پاس وقت ہے، انہیں سخت محنت کرنی چاہئے، ایسا کرنے سے وہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں۔“