نیویارک(نمائندہ خصوصی)امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس میں مبتلا پاکستان کے معروف گلوکار سلمان احمد نے کہاہے کہ عجیب بیماری ہے، ایک دن بہتر ہوتا ہوں تو اگلے دن اٹھنے کی ہمت بھی نہیں ہوتی، نیویارک میں بدستور قرنطینہ میں ہوں۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہناتھا کہ آج میرا نیو یارک میں قرنطینہ میں نواں دن ہے ، عجیب بیماری ہے ، کچھ دن ایسا محسوس ہوتاہے کہ آپ ٹھیک ہو رہے ہیں اور دوسرے ہی دن ایسا لگتا ہے کہ آپ کے بدن میں درد، نزلہ زکام اور اٹھنے کی بھی ہمت نہیں ہوتی ، میرا قرنطینہ ختم ہونے میں ابھی پانچ دن باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی اور لوگوں کا جذبہ بلند کرنے کی کوشش کی ہے ، قرنطینہ کے دوران میں نے ان نو دنوں میں نوجوانوں کیلئے ترانہ بنایا ہے ، جس کا نام ” تجھے سلام “ ہے ، جتنے بھی دوست پوری دنیا میں ہیں اور پاکستان سے محبت کرتے ہیں میں نے انہیں اس ترانے میں شامل کیا ہے۔