• Tue. Jul 8th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”میں خالی سٹیڈیمز میں میچز کرانے کا حامی نہیں ہوں“

Apr 18, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بند سٹیڈیمز میں بغیر تماشائیوں کے کرکٹ میچز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کھیل کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی وباءکورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور ان دنوں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر بات چیت ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایک تجویز یہ بھی ہے کہ جب تمام تر احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جا تی ہے تو پہلے مرحلے میں تماشائیوں کے بغیر کھیلوں کے مقابلے شروع کئے جا سکتے ہیں۔

سابق کرکٹر عاقب جاوید بند سٹیڈیمز میں کرکٹ میچز کے حق میں نہیں ہیں جن کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمیں کرکٹ کو بھول کر انسانیت کے بارے میں سوچنا ہے کہ انسانیت کو کیسے بچانا ہے، عالمی وباءبڑھ رہی ہے اور پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہے۔ کھیل تفریح ہے اور کرکٹ بھی اس میں شامل ہے، اگر تماشائی نہیں ہوں گے تو تفریح کس کیلئے ہو گی؟ میں سمجھتا ہوں کہ جب تک کورونا پر قابو نہیں پایا جاتا آپ اس سے کیسے بچ سکیں گے، کیا بند سٹیڈیمز کے باوجود تمام احتیاظی تدابیر پوری ہو سکتی ہیں؟

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال ایسا ممکن ہے، بال ایک سے دوسرے ہاتھ میں جائے گا، درجنو ں براڈ کاسٹرز ہوں گے اور ڈریسنگ رومز میں رش ہو گا، ہوائی سفر اور بسوں میں آنا جانا بھی ہو گا، اس صورتحال میں کیسے بچنا ممکن ہے اس لئے جب تک حالات قابو میں نہیں آتے اس کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔