لاہور (نمائندہ خصوصی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق سپنر اور پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر کے دوست ہربھجن سنگھ نے بھی کورونا فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کرانے کی مخالفت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے تجویز دی تھی کہ کورونا وائرس کے متاثرین کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کی غرض سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کرائی جائے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی دونوں ممالک کے درمیان برابر تقسیم کریں تاکہ یہ رقم کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن سے متاثر ہونے والوں کیلئے استعمال کی جا سکے۔
پاکستان کے کئی سابق کرکٹرز اس تجویز کی حمایت کر چکے ہیں جبکہ بھارت کے کئی سابق کھلاڑیوں نے اس کی مخالفت کی ہے اور اب ہربھجن سنگھ بھی اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”اس وقت کرکٹ میرے لئے سب سے آخری چیز ہے حتیٰ کہ میں اس بارے میں سوچ بھی نہیں رہا۔ فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے اور بھی طریقے ہیں اور ضروری نہیں کہ اس مقصد کیلئے میچ کا اہتمام کیا جائے۔ میرا نہیں خیال کہ اس وقت کرکٹ کے بارے میں سوچنا چاہئے، یہ بہت چھوٹی باتیں ہیں، اس وقت زندگیاں داﺅ پر ہیں، اس بات کو سمجھیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”ہاں! کرکٹ نے ہمیں سب کچھ دیا ہے۔ میں آج جو کچھ بھی ہوں، کرکٹ کی وجہ سے ہوں لیکن یہ کرکٹ کے بارے میں بات کرنے کا صحیح وقت نہیں ہے۔ اس وقت میں یہ بات کرنا زیادہ پسند کروں گا کہ لوگوں کی زندگیاں کیسے بچائی جائیں، ایک آئی پی ایل اور ایک ورلڈکپ، اگر یہ ٹورنامنٹ نہ بھی ہوئے تو کیا فرق پڑے گا؟ لیکن اگر ایسے کام جاری رہے تو ہماری زندگیاں ختم ہو جائیں گی۔“